لاہور: (دنیا نیوز) معروف و خوبرو اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے حوالے سے گردش کرتی خبروں پر لب کشائی کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے سے متعلق تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں پر کان نہ دھرنے کی درخواست کرتے ہوئے اپنی انسٹا سٹوری میں لکھا کہ ’میں اداکاری نہیں چھوڑ رہی، براہ کرام سوشل میڈیا پر جو دیکھیں اُس پر یقین نہ کریں‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے اداکارہ رمشا خان کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا تھا جس میں اداکارہ نے ایک سوال پر شادی کے بعد اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اظہار کیا تھا، تاہم اب رمشا خان نے اس حوالے سے تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔