پی سی بی نے شاہین آفریدی کو نائب کپتان بنانے کی پیشکش کی تردید کر دی

Published On 26 May,2024 01:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو نائب کپتان بنانے کی پیشکش کی تردید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعے کے روز سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران نائب کپتانی پر بات ہوئی لیکن کسی کو نائب کپتان بنانے کی آفر نہیں کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مزید کہا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے نائب کپتان بنانے کی کسی بھی کھلاڑی کو پیشکش نہیں کی گئی، ٹیم مکمل طور پر متحد اور ورلڈ کپ میں کھیلنے کیلئے تیار ہے۔

قبل ازیں پی سی بی ذرائع کی جانب سے خبر آئی تھی کہ شاہین شاہ آفریدی کو نائب کپتان بننے کی پیشکش کی گئی جس پر قومی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے نائب کپتان بننے سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے بورڈ سے شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کپتانی سے ہٹا کر نائب کپتان کیوں بنایا جا رہا ہے، ٹیم میں بطور فاسٹ باؤلر کھیلوں گا اور نئے کپتان کو مکمل طور پر سپورٹ کروں گا۔

واضح رہے قومی ٹیم کی خراب صورتحال اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے دباؤ کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے قومی ٹیم کے کھلاڑی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔