حیران کن تحقیق، صفر کشش ثقل پر کینسر کے خلیات ختم

Last Updated On 15 December,2019 09:47 pm

کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں یہ حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں کہ زیرو کشش ثقل پر کینسر جیسے موذی امراض کے خلیات ختم ہو جاتے ہیں

طبی تاریخ کا یہ اہم ترین تجربہ آسٹریلوی سائنسدانوں نے انجام دیا۔ انہوں نے ایک تجربے کے دوران کینسر کے خلیات کو صرف ایک روز کیلئے زیرو کشش ثقل میں رکھا جس سے 80 فیصد کینسر سیل مر گئے۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے میں چھپنے والی اس تحقیق کے مطابق اب اس پر نئے تجربات خلا میں کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جرمن سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں ایسے ہی نتائج حاصل کیے تھے۔

سڈنی کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر جوشو چاؤ کا اس تجربے کے حوالے سے کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے صفر کشش ثقل میں کینسر کے خلیات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہے ہیں۔

پروفیسر جوشو چاؤ نے اپنی تحقیق کے بارے میں بتایا کہ ہم نے جسم کے مختلف حصوں سے چار مختلف قسم کے کینسر خلیات حاصل کیے تھے۔ انہیں زیرو کشش ثقل میں رکھا گیا۔ جس کے بعد چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر کینسر کے 80 فیصد خلیات مر چکے تھے۔

پروفیسر جوشو کا کہنا تھا کہ خلا میں تجربات سے ہمیں یہ پتا چلے گا کہ یہ خلیات صفر کشش ثقل میں مرتے ہیں یا کسی دوسری چیز کا بھی اس میں عمل دخل ہے۔