لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ٹماٹر کا استعمال گھروں میں کھانے پینے کے دوران کیا جاتا ہے، ٹماٹر کھانے کو ذائقہ بخشنے میں اہم جُز سمجھا جاتا ہے اور اس کے بغیر مزیدار کھانا بنانے کا تصور بھی نہیں کیا جاتا۔
کھانے میں ذائقہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹماٹر صحت کے لیے بھی بے حد مفید سمجھا جاتا ہے اور اس کے بے شمار فوائد ہیں جن میں امراضِ قلب سے بچاؤ، جلد اور بالوں کے لیے بہترین جب کہ یہ کینسر جیسے مرض کے لیے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
آج ہم آپ کو ٹماٹر کے ایسے فوائد بتاتے ہیں جو اس سے پہلے شاید ہی آپ جانتے ہوں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق ٹماٹر یا ٹماٹر سے بنی غذا کا استعمال کرنے سے پروسٹیٹ، پھیپھڑوں اور معدے کے کینسر سے بچا سکتا ہے۔
ٹماٹر میں لائیکوپین اور بیٹا کیروٹین وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ دل اور فالج کے دورے سے بچاتا ہے اور اس کے خطرات کم کرتا ہے۔
ٹماٹر میں لائیکوپین، بیٹا کیروٹین، پوٹاشیئم، وٹامن سی، فلیونوائڈز، فولیٹ اور وٹامن ای وافر مقدار میں پایا جاتا ہے اور ٹماٹر کا استعمال کرنے سے انسان ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرات کو کم کر سکتا ہے۔
ٹماٹر کو جلد پر استعمال کرنے سے جلد چمکدار ہوتی ہے جب کہ اس میں موجود لائیکوپین دھوپ سے جھلسنے والی جلد کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ ٹماٹر میں لیوٹین اور بیٹا کیروٹین وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ آنکھوں کے لیے بھی معاون چابت ہوتا ہے۔