کرونا وائرس کا مریض بننے کے عوض 7 لاکھ روپے اجرت پائیں

Last Updated On 09 March,2020 01:36 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے طبی ماہرین کو کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کیلئے ایسے رضاکار درکار ہیں جو 3500 برطانوی پاؤنڈز (7 لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے) کے عوض کرونا مرض میں مبتلا ہو کر تجرباتی مراحل کا حصہ بنیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رضا کاروں کے جسم میں کرونا کے نسبتا کم شدت والے 2 وائرس داخل کر کے 2 ہفتوں کیلئے انہیں خصوصی نگرانی میں رکھا جائے گا، جہاں انہیں مخصوص قواعد و ضوابط کی پابندی کر نی ہو گی۔

رضاکار نہ تو جسمانی طور پر کسی شخص کو چھو سکیں گے نہ ہی ورزش جیسی کوئی جسمانی سرگرمی انجام دے سکیں گے۔ انہیں کھانے پینے کیلئے ڈاکٹوں کی جانب سے دی جانے والی مخصوص خوراک پر ہی 14 روز گزارا کرنا ہو گا۔ اس دوران ماہرین اپنے تجربات جاری رکھیں گے اور رضا کاروں کے جسم میں داخل کئے گئے وائرس سے ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لے کر ویکسین تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس دوران رضاکاروں کی نگرانی پر متعین ڈاکٹروں اور نرسوں کو خصوصی لباس پہنائے جایں گے تاکہ وہ رضاکاروں کے بلڈ ٹیسٹ سمیت دیگر تجرباتی سرگرمیوں کے دوران خود وائرس کا شکار نہ ہو جائیں۔

مذکورہ تجربے سے قبل برطانیہ کی ادویات اور ہیلتھ کئیر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی کی اجازت لی جائے گی تاکہ ویکسین کی تیاری کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا سکیں۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس سے متعلق اس پراجیکٹ کیلئے 2 ارب ڈالر کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔