لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے بارے میں مصدقہ اور غیر مصدقہ معلومات کی بہتات، نفسیاتی مسائل بھی پیدا ہونے لگے۔ ماہرین نفسیات نے لوگوں کی اُلجھنوں کو حل کرنے کے لیے کونسلنگ کے عمل کو ضروری قرار دے دیا۔
کورونا وائرس نے ہرطرف اپنے پنجے کیا پھیلائے سبھی اِس کے خوف کے باعث پریشانی محسوس کر رہے ہیں تو متعدد مسائل کا بھی شکار ہیں۔ ایسے میں مصدقہ اور غیرمصدقہ معلومات کے سیلاب، گھروں میں بندش اورہر طرف ویرانی جیسی صورت حال نے دیگر مشکلات کے علاوہ نفسیاتی مسائل بھی پیدا کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
اِس تناظر میں ایسی تجاویز بھی سامنے آ رہی ہیں کہ جیسے ٹیلیفون کے ذریعے دیگر میڈیکل سروسز فراہم کی جا رہی ہیں، ویسے ہی ٹیلی کلینک یا ٹیلی سائیکاٹری سروس کے بھی اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ لوگوں کو خود بھی اپنے اعصاب کو قابو میں رکھنے اور ادھر ادھر کی سننے سے گریز کو بھی ضروری قرار دیا جارہا ہے۔
یاد رکھیے کہ حصول معلومات کے لیے صرف مصدقہ ذرائع پر انحصار ہی ہمیں بہت سی نفسیاتی اُلجھنوں سے بچا سکتا ہے۔