بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین سے جنم لینے والے کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا میں ڈاکٹرز اور طبی ماہرین ویکسین بنانے میں مصروف ہیں، اب چینی طبی اور سائنس ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایسی اینٹی باڈیز تلاش کرلیں جو انسانی خلیے میں داخل ہوکر کورونا وائرس کی شدت کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ کی سِنگ ہو یونیورسٹی کے ماہرین نے کورونا وائرس کے خاتمے کے حوالے سے مطالعاتی تجزیہ کیا جس میں وبا کو شکست دینے والے مریضوں کے خون لیے گئے اور اُن کے جسم میں بننے والی اینٹی باڈیز کا مشاہدہ کیا گیا۔
ماہرین نے تجربے کے بعد دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایسی کئی اینٹی باڈیز کی نشاندہی کرلی جو خلیوں میں کورونا وائرس کے داخل ہونے کی صلاحیت کو ختم کرنے میں انتہائی مؤثر ہیں۔
طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ حالیہ تحقیق سے ملنے والے نتائج کے بعد کورونا کی روک تھام اور علاج میں کافی مدد مل سکتی ہے۔
تحقیقی ٹیم کے سربراہ اور سِنگ ہوآ یونیورسٹی کے پروفیسر ژینگ لِنچ کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم نے ایسی کئی اینٹی باڈیز کی نشاندہی کی جنہیں دوا میں ملا کر استعمال کیا جائے تو یہ علاج کے موجودہ طریقوں سے زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔
پروفیسر ژینگ کے مطابق یہ اینٹی باڈیز پلازما جیسے بارڈر لائن علاج میں بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقی ٹیم نے جنوری میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے خون سے لی جانے والی اینٹی باڈیز کا تجزیہ شروع کیا تھا جس کے بعد یہ پیشرفت سامنے آئی۔
تحقیق کے دوران 206 مونوکلوئل اینٹی باڈیز علیحدہ کی گئیں ، یہ تمام وہ اینٹی باڈیز ہیں جو وائرس کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔