پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو رونا کی موثر روک تھام کیلئے قریبی تعاون پر متفق

Last Updated On 03 April,2020 08:20 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے کوروناوائرس کی موثر روک تھام کیلئے قریبی تعاون اور اس حوالے سے بہترین اقدامات کے تبادلے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران طے پایا۔

دبئی ائیرپورٹ سے پاکستانی شہریوں کو بروقت پاکستان بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے اماراتی حکام کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔

شاہ محمود قریشی نے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کی اپیل کا اعادہ کیا تاکہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور معیشت کی بحالی کے لئے مالیاتی وسائل فراہم کئے جائیں۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت پر کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کم کرنے کے لئے عالمی سطح پر مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement