کورونا وائرس: وکی پیڈیا نے مقامی زبان میں معلومات فراہم کرنا شروع کر دی

Last Updated On 03 April,2020 05:34 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے باعث ہزاروں افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، اس مہلک وباء نے ایشیا میں بھی اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور بھارت میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں پر وکی پیڈیا نے مقامی زبان میں معلومات فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ سے بھی زائد ہو چکی ہے جبکہ پاکستان اور بھارت میں بھی مریض بڑھ رہے ہیں۔ متعدد ممالک میں لوگوں کی نقل و حرکت کو انتہائی محدود بنا دیا گیا ہے۔

ایسے میں وکی پیڈیا نے دنیا کی درجنوں زبانوں میں کورونا وائرس سے متعلق لمحہ بہ لمحہ معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچائی جا سکیں۔

پاکستان اور بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد وکی پیڈیا نے اردو اور ہندی زبان میں بھی معلومات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں تاکہ عوام کو غلط معلومات سے بچایا جا سکے۔

کورونا وائرس کے بحران کے آغاز سے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر غلط معلومات پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے غلط معلومات کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح لوگوں کے لیے ضرورت کے وقت قابل اعتماد ذرائع اور قابل اعتبار رہنمائی تلاش کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے وکی پیڈیا کے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اہم چیلنج ہے، جس سے وکی پیڈیا کے ایڈیٹرز کا گروپ نمٹ رہا ہے۔ ظاہر ہے کووڈ 19 سے متعلق معلومات کا جائزہ لینا، بہتری لانا اور پھر انہیں انگلش کے ساتھ ساتھ دیگر جنوبی ایشیائی زبانوں میں منتقل کرنا آسان کام نہیں ہے۔

وکی پیڈیا نے معلومات کی فراہمی میں تعصب کے خاتمے کے لیے اوپن ایڈیٹنگ ماڈل اختیار کیا ہے۔ اس طرح ہر قسم کا سیاسی پس منظر رکھنے والے افراد کو آرٹیکل میں تدوین کرنے کا موقع ملتا ہے۔ سرحدوں کی دوسری جانب بیٹھے لوگوں کو غیرجانبدار معلومات فراہم اور ایک ساتھ مل کر کام کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔

وکی پیڈیا کے رضاکار ایڈیٹر ابھیشک سوریاونشی کا کہنا تھا کہ خیالی دعووں اور کہانیوں کے برعکس کورونا وائرس سے متعلق حقائق جاننا ایک مشکل اور بڑا کام ہے۔ ہم نے اس وبا سے متعلق مقامی سطح پر شائع ہونے والے مواد کا بھی جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مقامی یونیورسٹیوں سے بھی کہا ہے کہ وہ ترجمہ کرنے میں ہماری مدد کریں کیونکہ ترجمے اور مواد کی جانچ پڑتال کا کام بڑھتا جا رہا ہے۔

وکی پیڈیا نے اردو زبان میں بھی کووڈ 19 سے متعلق درست معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ وکی پروجیکٹ میڈیسن میں دنیا بھر سے ڈاکٹر اور طبی ماہرین شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ابھی تک دنیا کی مختلف زبانوں میں وکی پروجیکٹ میڈیسن 35 ہزار سے زائد آرٹیکل شائع کر چکا ہے۔ شائع ہونے والے مواد کی دنیا بھر کے پچاس سے زائد ایڈیٹر نگرانی کر رہے ہیں۔ 2014ء میں وکی پیڈیا کے ایسے ہی پروجیکٹ کے تحت ایبولا وائرس سے متعلق دنیا کی 50 سے زائد زبانوں میں ہزاروں آرٹیکل شائع کیے گئے تھے۔
 

Advertisement