اسلام آباد: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر میں تین گھنٹے مکمل لاک ڈاؤن رہا، سڑکیں ویران، گلیاں سنسان، پولیس اور رینجرز کے دستے تعینات رہے، گھروں سے نکلنے والوں کو واپس بھجوا دیا گیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ سے متعلق حکومتی احکامات پر عوام نے بھرپور عمل کیا، کراچی سمیت سندھ بھر میں دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤ ن رہا، نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی کے باعث مساجد میں پیش امام، موذن اور انتظامیہ سمیت 5 افراد کو نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی، لاک ڈاؤن کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز گھروں میں ہی ادا کی، سندھ کے مختلف شہروں میں بھی شہریوں نے حکومتی احکامات پر من و عن عمل کیا۔
پنجاب میں بھی محدود پیمانے پر نماز جمعہ ادا کی گئی، حکومت کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے، لاہور کی بادشاہی مسجد میں نمازیوں نے مناسب فاصلے پر کھڑے ہو کر نماز ادا کی، عوام کی بڑی تعداد گھروں میں ہی رہی۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی شہریوں نے نماز سے متعلق حکومتی احکامات بھرپور طریقے سے عمل کیا۔