اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان نے شہریوں کے انخلا کے معاملے پر امریکی سفارتخانے کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے اس بارے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ امریکی چارٹرڈ طیارہ آج کراچی اور پھر اسلام آباد پہنچے گا۔
طیارے میں امریکی شہریوں سمیت تین برطانوی سفارت کار بھی پاکستان سے روانہ ہوں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں خصوصی امریکی طیارے کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
امریکی سفارتخانے کے عملے کو کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر مسافروں کو رخصت کرنے کیلئے ٹرمینل بلڈنگ میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
سی اے اے کے مطابق امریکی مسافروں کو رخصت کرنے کیلئے سفارتی عملے کو ائیرپورٹ ہال میں کاؤنٹر قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ خصوصی طیارے کی آمد پر جہاز کے عملے سمیت کسی کو بھی جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔