اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں ہر شہریوں کی چہل پہل معمول بن گئی۔ انتظامیہ نے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتا دیا کہ اب خلاف ورزی پر معافی نہیں ملے گی۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر لاک ڈاؤن کو شہریوں کی جانب سے نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ گاڑیاں سڑکوں پر ابھی تک دوڑ رہی ہیں جبکہ مارکیٹوں میں بھی چہل پہل جاری ہے۔
عوام کی جانب سے عدم تعاون کے باعث اسلام آباد انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ آج شام سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹیں گے۔ خلاف ورزی پر مقدمات درج کرنے کیساتھ جرمانے بھی عائد ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو اب تک سات لاکھ کے جرمانے کیے گئے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کورونا کی وبا روکنے کے لیے جن علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن ضروری ہوگا، ہر صورت کیا جائے گا۔