لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار ہر مشکل گھڑی میں مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں، قوم ان کی خدمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا جنگ میں ریسکیو کا ادارہ پریشان لوگوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ اہلکار، پاک فوج، رینجرز، ڈاکٹرز، پولیس اور دیگر اداروں کی طرح اپنا فریضہ احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ریسکیو والے اپنی جان خطرے میں ڈال کر منظم طریقے سے مریضوں کی ہسپتال اور قرنطینہ منتقلی کے علاوہ تدفین کا عمل بھی سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ انتقال کی صورت میں تدفین کیلئے ریسکیو 1122 نہایت شاندار خدمات انجام دے رہا ہے۔ تدفین سے قبل میت کو مکمل طور پر disinfect کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایکسپو سینٹر میں قرنطینہ کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی ان کی خدمات کی تعریف ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 کے اہلکار ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کی عملی مثال پیش کر رہے ہیں۔ ریسکیو اہلکار دن رات جس طرح عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، اس کا اعتراف بھی ضروری ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 ایسا ادارہ ہے جو انفرادی اور اجتماعی مشکل کی ہر گھڑی میں مصیبت زدہ کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے۔ ریسیکو کے اہلکار اپنی جان کی پروا کیے بغیر عوام کی خدمت کیلئے ایک کال پر موقع پر پہنچ رہے ہیں۔