نیو یارک: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے ایک تحقیق کے دوران انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بلیاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سائنسدانوں کی جانب سے مسلسل تحقیق جاری ہے، تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بلیاں تیزی سے کووڈ 19 وائرس کی شکار ہوسکتی ہیں، لہذا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو انسانوں اور جانوروں کے درمیان وائرس کی منتقلی کے معاملے پر باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا۔
سائنسی میگزین میں شائع ہونے والی تحقیق کا مقصد پتہ لگانا ہے کہ وائرس کون کون سے جانوروں کو متاثر کرسکتا ہے اور پھر جانور سے انسانوں میں منتقل ہوسکتا ہے، تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وائرس کتے، مرغیاں اور بطخوں کو متاثر نہیں کرتا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سائنس دانوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس پھیلنے کا سبب چین میں کھائی جانے والی چمگاڈریں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وائرس سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست امریکا میں چڑیا گھر کے شیروں میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جن میں انسانوں سے وائرس منتقل ہوا تھا۔