کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پریشان کن ہے، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 11 یونین کونسل سیل کروائی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰٓ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مئیر کراچی، آئی جی سندھ سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں سخت پریشان ہوں، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 11 یونین کونسل سیل کروائی ہیں، کورونا وائرس کے باعث کراچی میں موجودہ صورتحال پریشان کن ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم ٹیسٹ بڑھائے جارہے ہیں تو کیس بھی زیادہ آرہے ہیں ، ہمارا سسٹم بلکل صاف و شفاف ہیں اور راشن صیح لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے درخواست گزار خود کو محتاط رکھیں، کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں زیادہ فکرمند ہوگیا ہوں، میں عوام کے لیے فکر مند ہوں۔
اس موقع پر ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کچھ زیادہ متاثرعلاقوں کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے قبل ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، 24 گھنٹوں میں 104 کورونا کے کیسز آئے ہیں جومجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہیں، یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 اموات ہوئیں جوکہ زیادہ ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہورہی ہے جس کی وجہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل نہیں ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن پر جب تک سختی سے عمل ہو رہا تھا تو صورتحال بہتر تھی، ملیر میں لاک ڈاؤن کافی کمزور تھا جس کو میں نے آج مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ حیدرآباد میں بھی کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سخت کیا جارہاہے۔