ٹائیگر فورس کا سیاسی تماشا ختم ہونا چاہئے، بلدیاتی نظام بحال کیاجائے: شہباز شریف

Last Updated On 11 April,2020 09:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف ٹائیگر فورس کو سیاست کے لئے استعمال کرنے کی شدید مزمت کرتے ہیں۔ ٹائیگر فورس کا سیاسی تماشا ختم ہونا چاہئے، بلدیاتی نظام بحال کیاجائے تاکہ عوام کی عملی مدد ہوسکے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی زیر صدارت وڈیو لنک پارٹی اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم کی تقسیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریلیف فنڈ کی ترسیل بہت خطرناک طریقے سے ہو رہی ہے، رقوم کی تقسیم کے وقت ہجوم کا جمع ہونا کورونا کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ ٹائیگر فورس کا سیاسی تماشا ختم ہونا چاہئے، بلدیاتی نظام بحال کیاجائے تاکہ عوام کی عملی مدد ہوسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افراتفری اور انتشار بتا رہا ہے کہ رقوم کی تقسیم کے لیے مناسب منصوبہ بندی نہیں کی گئی، غریب لوگوں کاحق ان تک پہنچانے کے لیے کوئی مناسب اور محفوظ طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کی زیرِ صدارت فلاحی اور امدادی کاموں سے متعلق پارٹی کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا، اجلاس میں سینئر قیادت، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیر اعلی گلگت بلتستان، پارٹی کے صوبائی صدور، جنرل سیکرٹری صاحبان ، دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کے تمام رہنماؤں، کارکنان اور ذمہ داران کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ سب اپنی اپنی سطح پر جس مثالی جذبے کا مظاہرہ کررہے ہیں، وہ لائق تحسین ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو شاباش دیتا ہوں کہ انہوں نے پہلا کورنٹین ہسپتال بنادیا ہے، اسی طرح وزیر اعلی گلگت بلتستان کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے تمام مشکلات کے باوجود بہت اچھا کام کیا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پارٹی کے صوبائی صدور اور دیگر ذمہ داران نے بھی بڑی لگن کا مظاہرہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے شیر ملک بھر میں عوام کی جس طرح مدد کررہے ہیں یہ جذبہ ہی اس وقت درکار ہے۔
 

Advertisement