پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 12 ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ بھی متاثر ہو گیا، پشاور میں سب سے زیادہ 7 ڈاکٹر کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا فرنٹ لائن پر ڈیوٹی دینے والے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد سے لاعلم نکلے، شہریوں نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے کیسز میں جہاں اضافہ ہو رہا ہے تو وہیں ہسپتالوں میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی مریضوں کے علاج میں پیش پیش ہیں۔
پشاورکے تین بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی فراہمی میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں اب تک تین ڈاکٹروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، شہریوں کا کہنا ہے ڈاکٹر خود متاثر ہوں گے تو مریضوں کا علاج کون کرے گا۔
ینگ ڈاکٹرز کے مطابق صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے 12 ڈاکٹر، ایک پیرا میڈیکل اہلکار اور 8 میل و فی میل نرسز متاثر ہوئے ہیں۔ پشاور میں سب سے زیادہ 7 ڈاکٹر کورونا کا شکار ہوئے جس میں ایک نجی ہسپتال کا ڈاکٹر اور نرس بھی شامل ہے۔
صوبائی وزیرصحت تو دعوے بڑے بڑے کرتے ہیں لیکن صوبے میں فرنٹ لائن پر موجود کورونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد سے لاعلم نکلے، عجیب کہانی سناتے ہوئے کہا جو فرنٹ پر ہوگا رسک پر ہوگا۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ سمیت دیگر اداروں کے ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔