کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم فالج آج منایا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روزانہ ایک ہزار افراد فالج کی بیماری کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ 400 افراد جان کی بازی ہارجاتے ہیں۔ کورونا وائرس کے نتیجے میں فالج کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
فالج کا حملہ جان بھی لے سکتا ہے یا زندگی بھر معذوری مقدر بن سکتی ہے۔ غیر صحت مند طرز زندگی فالج کے مرض میں اضافے کا سبب ہے۔ پاکستان میں ہر ایک لاکھ افراد میں سے 12 سو فالج کا شکار ہیں۔ پندرہ سال پہلے یہ تعداد محض ڈھائی سو تھی۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا کے نتیجے میں بھی فالج کے مریضوں کی تعداد بڑھی۔ انہوں نے ضلعی اسپتالوں میں اسٹروک یونٹس اور کراچی میں فالج کیلئے ہسپتال کے قیام کی تجویز دی ہے۔
پاکستان میں ہر 6 میں سے ایک مرد اور ہر 5 میں سے ایک خاتون کو فالج کے حملے کا خطرہ درپیش ہے۔ تمباکو نوشی سے پرہیز، سادہ طرز زندگی اور روزانہ ورزش آپ کو فالج سمیت مہلک امراض سے بچا سکتا ہے۔