کے پی حکومت اعلانات کے باوجود ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کی فیسیں یکساں نہ کر سکی

Published On 30 November,2020 08:47 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت اعلانات کے باوجود صوبہ میں ہسپتالوں، لیبارٹریوں اور کلینکس کی فیسیں یکساں نہ کر سکی، نجی لیبارٹریوں کی جانب سے مریضوں سے اضافی اور من مانی فیسیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وزیر صحت تیمور جھگڑا کہتے ہیں کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ہسپتالوں، لیبارٹریوں اور کلینکس میں مختلف ٹیسٹوں کی فیسوں کو یکساں نہ کیا جا سکا، نجی لیبارٹریاں مریضوں سے معمولی ٹیسٹوں کے ہزاروں روپے وصول کرنے لگیں، متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بن گئے۔

پشاورکے علاقے ڈبگری گارڈن، کراچی مارکیٹ، جی ٹی روڈ اور بڑے ہسپتالوں کےسامنے قائم نجی لیبارٹریوں کو لگام نہ ڈالی جا سکی،ہائیکورٹ کی جانب سے فیسوں کویکساں کرنے کے احکامات پر بھی عملدرآمد نہ ہوسکا، نجی لیبارٹریوں غریب مریضوں سے بھاری بھرکم فیسیں وصول کررہی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت خود توکچھ نہیں کرتی کم ازکم عدالتی احکامات پر تو عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

صوبائی وزیرصحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ تو ہر جگہ مفت کیے جا رہے ہیں تاہم دیگرامراض کے ٹیسٹوں کی فیسوں کو یکساں کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، کوشش ہے کہ ناجائز فیس وصولی کو روکا جائے، ہیلتھ کیئر کمیشن کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پشاورمیں نجی لیبارٹریوں کی جانب سے الڑاسائونڈ کے500 سےایک ہزار، بلڈ ٹیسٹ 500 سے 1500 اور ڈیجیٹل ایکسرے ایک ہزار سے لیکر 3 ہزار روپے میں کیا جا رہا ہے جبکہ بائیو آپسی کا ٹیسٹ 3 ہزار سے 10 ہزار روپے تک ہورہا ہے۔
 

Advertisement