پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں سات سالہ معصوم بچی کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا، بچی کی جلی ہوئی لاش برآمد کر لی گئی، واقعہ پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ آئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔
پولیس کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیرمیں سات سالہ معصوم بچی کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی، بچی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ گزشتہ روزدرج کی گئی تھی۔ پولیس نےلاش کوپوسٹ مارٹم کےلیےمنتقل کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے۔
واقعہ کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے اور کوہاٹ روڈ پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کوہاٹ روڈ کو دو طرفہ ٹریفک کے لیے مکمل بند کردیا اور ٹائر نذرآتش کر کے نعرے بازی کی، روڈ کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔