گوجرانوالہ: بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والی تین خواتین گرفتار

Published On 17 November,2020 06:22 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پولیس نے بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والی تین خواتین کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایس پی سول لائن گوجرانوالہ امتیاز محمود کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان خواتین نے 13 نومبر کو گلی میں کھیلتے ہوئے ایک بچے کو اغوا کیا اور اسے ڈیڑھ لاکھ میں فروخت کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیروزوالہ پولیس نے اغوا ہونے والے بچے ذوالقرنین کو بازیاب کروا لیا ہے۔ بچوں کو اغوا کرنے والی دونوں خواتین قریبی رشتہ دار ہیں۔ مغوی بچے کو خریدنے والی خاتون کی اولاد نہ ہونے پر اس نے بچے کو خریدا تھا۔

ایس پی سول لائن گوجرانوالہ نے میڈیا کو بتایا کہ خواتین کو گرفتار کر کے فیروز والہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

ادھر لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ یہ جھگڑا دھوبی کی دکان میں تلخ کلامی کے باعث پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت فرمائش علی کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے جبکہ ہلاک شخص کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔