کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں خانہ بدوشوں کے ڈیروں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔ ریل کی پٹڑیاں، فلائی اوورز، شہر کے فٹ پاتھ تو ان کا مسکن بنے ہی اب لیاری ندی کے بڑے رقبے پر بھی ان کے ڈیرے نظر آنے لگے ہیں جن کو سماجی ماہرین شہر کیلئے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔
فلائی اوورز جہاں سبزہ ہونا چاہیے، پٹڑیاں جہاں ریل چلنی چاہیے، فٹ پاتھ لوگوں کے چلنے کی جگہ لیکن کراچی میں ان جیسے بیشتر مقامات پر خانہ بدوشو کے ڈیرے قائم ہو گئے ہیں۔
یہ مناظر نئے نہیں لیکن بڑھتے ضرورجارہے ہیں اور اب شہر کی اہم لیاری ندی اور اطراف میں خانہ بدوشوں کے منظم ڈیرے آباد ہوگئے ہیں۔ دیگر کئی وجوہات کے ساتھ رواں برس مہلک وبا کورونا وائرس کے دوران بے روزگاری، غربت کی وجہ سے بڑی تعداد میں خانہ بدوشوں نے کراچی کا رخ کیا تاہم سماجی ماہرین ان خانہ بدوشوں کو شہر کے لیے ایک خطرہ قرار دے رہے ہیں۔
خانہ بدوشوں کی اصل تعداد کیا ہے کوئی سرکاری اعداد و شمار نہیں لیکن تشویش حکومتی سطح پر بھی ہے، اسی لیے بلدیہ عظمی کراچی کے انٹی انکروچمنٹ سیل نے ان کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری کرلی ہے۔
شہرمیں ٹریفک سگنلز، چوراہوں، بازاروں میں یہ خانہ بدوش جابجا بھیک مانگتے نظر آتے ہیں صرف یہی نہیں اسٹریٹ کرائمز، منشیات و جسم فروشی سمیت متعدد جرائم میں بھی انکے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔