فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ضلع کچہری میں پیشی پر آئے شہری کو مخالفین نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ فائرنگ کرنے والا ایک ملزم موقع سے پکڑا گیا اور دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔
فیصل آباد میں تھانہ ساہیانوالہ کے علاقے چکنمبر 119ج ب کا رہائشی نعمان نامی شہری پیشی پر فیصل آباد ضلع کچہری آیا ہوا تھا جسے اسکے مخالفین ملزم شان اور اسکے دیگر ساتھیوں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔
موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے ملزم شان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جبکہ اسکے دیگر دو ساتھی عالم شیر اور عمران موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے ملزم کو تھانہ کوتوالی منتقل کرتے ہوئے قانونی کاروائی شروع کردی۔