فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام گزشتہ تین برسوں سے بند ہے جس کی وجہ سے حکومتی سطح پر حجاموں کی رجسٹریشن، ہیپاٹائٹس ٹیسٹ اور نئی شیونگ کٹس دینے کا سلسلہ رکنے سے ہیپاٹائٹس کے مزید پھیلنے کے بھی خدشات ہیں۔
فیصل آباد کا ہر چوتھا شہری ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہے، صنعتی شہرکا مضر صحت زیر زمین پانی اور بلیڈ، قینچی یا دیگر شیونگ آلات سے ایک انسان کے جراثیم دوسرے کو لگنے سے یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔
سابقہ حکومت نے مرض کا پھیلاو روکنے کے لئے حجاموں کی رجسٹریشن، ہیپاٹائٹس ٹیسٹ اور نئے آلات جراحی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا لیکن فنڈز کی کمی کی وجہ سے 2 سال سے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا منصوبہ بند پڑا ہے جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔
معاملے کے متعلق ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر بلال احمد کہتے ہیں کہ فنڈز کی کمی کے باعث مسائل کا سامنا رہا البتہ جلد بڑے لیول پر منصوبہ دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
شہری کہتے ہیں حکومت وسائل فراہم کرے اور محکمہ صحت توجہ دے تو ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا منصوبہ دوبارہ شروع ہونے سے ہزاروں انسانی زندگیاں موذی مرض سے محفوظ بنائی جاسکتی ہیں۔