کلونجی کا استعمال، دانتوں کے علاج، قبض سے نجات اور بلڈ پریشر کیلئے مفید قرار

Published On 08 February,2021 06:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کلونجی کے استعمال سے ذیابیطس کا علاج، دانتوں کا علاج، قبض سے نجات، یرقان کا علاج، بلڈ پریشر پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلونجی عام طور پر ہر گھر میں موجود ہوتی ہے جسے کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ اس کے فوائد سے واقف ہیں جو آپ معمولی محنت سے حاصل کرسکتے ہیں ؟ یہ سیاہ بیج متعدد طبی فوائد کے حامل ثابت ہوتے ہیں جس کی وجہ ان میں موجود وٹامنز، امینیو ایسڈز، پروٹینز، فیٹی ایسڈز، آئرن، پوٹاشیم، کیلشیئم اور متعدد دیگر اجزاء کی موجودگی ہے۔ ہم آج آپ کو بتائیں گے کہ کلونجی کن کن بیماریوں سے نجات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

قبض سے نجات

قبض کی بیماری عام ہے جس کا شکار ہر فرد ہی ہوتا ہے۔ اگر آپ بھی قبض کا شکار ہیں تو کلونجی کے تیل کو بغیر دودھ کی چائے میں ملا کر پی لیں۔ جو آپ کو فوری طور پر قبض سے نجات دے گا۔

یرقان کا علاج

یرقان سے عام طور پر زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ یرقان کے باعث بچے کی جلد اور آنکھوں کی رنگت زرد ہو جاتی ہے۔

اجوائن کی کچھ مقدار کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں اور صبح چھان لیں، اس میں کلونجی کا تیل آدھے چائے کا چمچ ملا کر دن میں ایک بار استعمال کریں۔ یہ عمل آپ کو یرقان سے چھٹکارا دے گا۔

بلڈ پریشر کو قابو کریں

دیگر بیماریوں کی طرح اب بلڈ پریشر یا بلند فشار خون بھی عام بیماری ہو گئی ہے جس کا ہر تیسرا شخص شکار ہے۔ بلڈ پریشر کی وجہ سے ہی دل کی بیماریوں اور فالج کے حملے کا خطرہ رہتا ہے۔ بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھنے کے لیے بھی کلونجی انتہائی فائدے مند ہے۔

اگر آپ بلڈ پریشر کا شکار ہیں تو کلونجی کا تیل گرم پانی میں ملا کر پینا اپنی عادت بنا لیں اس طرح آپ بلڈ پریشر کو قابو کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

دانتوں کا علاج

اگر آپ کے دانت کمزور ہیں، مسوڑوں سے خون آتا ہے یا وہ سوج رہے ہیں تو اس صورت میں کلونجی آپ کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل نیم گرم پانی میں ملا کر غرارے کریں۔ اس کے علاوہ متاثرہ دانتوں پر کلونجی کا تیل لگائیں یہ درد کو بھی کم کرنے میں مدد دے گا۔

دہی میں کلونجی کا تیل ملا کر دن میں دو بار مسوڑوں پر ملنے سے مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں۔

میگرین

میگرین کو آدھے سر کا درد بھی کہا جاتا ہے جو اتنا شدید ہوتا ہے کہ انسان کوئی کام نہیں کر سکتا اور مسلسل تکلیف میں رہتا ہے۔ میگرین کا مرض بھی پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

کلونجی کے تیل کا ایک قطرہ سر کے جس طرف درد ہو اْس کی مخالف سمت ناک میں ڈالیں۔ سر کا مساج کریں اور دن میں 10 قطرے کلونجی کے تیل کو پیئیں، یہ عمل آپ کو میگرین سے نجات دلائے گا۔

ذیابیطس کا علاج

ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی کلونجی کا تیل انتہائی مفید ہے۔ ایک پیالی کالی چائے میں کلونجی کا تیل ایک چائے کا چمچ ملائیں اور اسے دن میں دو بار صبح شام استعمال کریں، مسلسل کچھ روز کے عمل سے آپ کو اپنی صحت میں کافی فرق محسوس ہو گا۔