پشاور: دو ہفتوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 24 سے 28 فیصد تک پہنچ گئی

Published On 04 April,2021 08:38 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 24 سے 28 فیصد تک پہنچ گئی، شہر بھر میں ماسک کی فروخت میں اضافہ ہو گیا، چھوٹے بچوں کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے خطرات بڑھ گئے۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران صوبائی دارالحکومت پشاور میں مثبت کیسز کی شرح صوبہ بھر میں سب سے زیادہ ہے، شہر بھر میں چھوٹے بچوں کے بھی کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے کے خدشات بڑھ گئے۔

پشاور میں جہاں ایک طرف کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف چھوٹے بچے بھی شہر کی مصروف شاہراہوں، چوراہوں اور دیگر مقامات پر کورونا سے بے خبر سیفٹی ماسک فروخت کررہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ان بچوں کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کریں۔

پشاور میں کورونا کی بڑھتی لہر کے باعث ضلع بھر میں ماسک استعمال نہ کرنے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے حکومت کی جانب سے جاری اقدامات اپنی جگہ درست ہیں تاہم ماسک نہ پہننے اور بے احتیاطی برتنے والوں کے خلاف بھی سخت فیصلے ناگزیرہیں۔
 

Advertisement