خیبرپختونخوا میں ڈینگی مریض 6 ہزار سے متجاوز، شہریوں کا ٹھوس حکمت عملی کا مطالبہ

Published On 01 November,2021 08:47 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ڈینگی کیسز کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بن گیا، صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزارسے بڑھ گئی، معاون خصوصی کامران بنگش کہتے ہیں ٹاسک فورس تشکیل دیدی ہے، شہریوں نے ٹھوس حکمت عملی کا مطالبہ کردیا۔

خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں، صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار291 ہو گئی ہے۔ ڈینگی وائرس سے صوبے میں سب سے زیادہ پشاور متاثر ہے جہاں سب سے زیادہ 2 ہزار 550 سے زائد افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مشتبہ کیسزکی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر نوشہرہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 476 ہوگئی ہے، شہری کہتے ہیں حکومت ڈینگی کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

صوبائی حکومت کی جانب سےبھی ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں، معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں مہم جاری ہے جبکہ ٹاسک فورس بھی بنا لی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے ڈینگی کے پھیلائو کے پیش نظر پشاور میں 25 اکتوبرسے 24 نومبر تک ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کررکھی ہے۔
 

Advertisement