ڈینگی سے پنجاب میں مزید 3 مریض جاں بحق، اسلام آباد، حیدرآباد میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ

Published On 01 November,2021 12:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں، پنجاب میں ڈینگی کے مزید تین مریض دم توڑ گئے جبکہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور حیدر آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ، ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا جبکہ اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ پنجاب میں مزید 3 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، سیکریٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں 445 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 48 افراد جان کی بازی ہار چکے، مجموعی کیسز کی تعداد 10,833 ہو گئی۔

اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار تیز ہو گئے، مزید 46 مریض رپورٹ، وفاقی دارلحکومت میں 3 ہزار 643 افراد ڈینگی کا شکار ہیں، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں مریضوں کی تعداد 2 ہزار 84 ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے حملوں میں تیزی ، مزید 193کیسز سامنے آ گئے۔ پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2ہزار 892 ہے جبکہ صوبے میں اب تک 8افراد جاں بحق ہو چکے۔

حیدر آباد میں بھی ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہو گیا ، مزید 19مریض رپورٹ ، مجموعی کیسز کی تعداد361 ہو گئی جبکہ ضلع بھر میں اب تک تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
 

Advertisement