ملک میں ڈینگی پھیلنے لگا: لاہور میں موذی وبا مزید 3 لوگوں کی جان لے گئی

Published On 23 October,2021 10:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی پھیلنے لگا۔ لاہور میں موذی وبا مزید تین لوگوں کی جان لے گئی۔

جڑواں شہروں میں ڈینگی کیسز کی تعداد بڑھنے لگی۔ شہر اقتدار میں ایک دن میں 118 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 721 ہوچکی ہے۔ شہر میں اب تک ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق دیہی علاقوں میں 79 جبکہ شہری علاقوں میں 39 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ایک ہزار 668 اور شہری علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 53 ہو چکی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 95 مریض راولپنڈی کے الائیڈ اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ شہر میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 964 ہوچکی ہے جبکہ 8 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ہولی فیملی اسپتال میں 56، بینطیر اسپتال میں 23 اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں 16 مریض لائے گئے۔

خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ صوبے میں مزید 179افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 851 ہوگئی۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ڈینگی سے پشاور میں سب سے زیادہ افراد متاثر ہوئے جہاں مزید 35 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی اور کیسوں کی تعداد ایک ہزار 739 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 179 نئے کیس سامنے آئے، جس سے ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 851 ہوگئی۔ اب تک 3 ہزار 132 افراد ڈینگی سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 262 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ڈینگی سے اب تک 6 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
 

Advertisement