بلوچستان: ینگ ڈاکٹرز نے ساتھیوں کی گرفتاری کیخلاف او پی ڈیز بند کر دیں، مریض پریشان

Published On 30 November,2021 03:35 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف او پی ڈیز زبردستی بند کرا دیں، پولیس نے او پی ڈی کے تالے توڑ دیئے۔

کوئٹہ کے سول ہسپتال میں مریض ڈاکٹروں کی عدم موجودگی پر سراپا احتجاج ہیں، کسی کا بیٹا بیمار تو کسی کے بھائی کی طبعیت خراب ہے، ہر شخص او پی ڈیز میں ڈاکٹروں کو تلاش کر رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف او پی ڈی دوبارہ زبردستی بند کر دیں۔ عدالتی احکامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے بعد او پی ڈی کے تالے توڑے گئے۔ خالی او پی ڈیز میں مریض تو موجود ہیں مگر ڈاکٹر نہیں۔

سول ہسپتال کوئٹہ ہی نہیں بی ایم سی کی او پی ڈی بھی بند ہونے سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔ گزشتہ روز ایک خاتون مریضہ کی ہلاکت کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے اہل خانہ نے بھی موت کی وجہ ڈاکٹروں کی عدم موجودگی بتائی۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ 3 روز قبل ریڈ زون سے گرفتار کیے جانے والے ڈاکٹروں کو نہ صرف رہا کیا جائے بلکہ ان کے خلاف درج ایف ائی آر بھی واپس لی جائے۔
 

Advertisement