کوئٹہ: رواں سرما لکڑی کی قیمت مزید 100 روپے من بڑھا دی گئی

Published On 24 November,2021 10:51 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی ضرورت کی ہر شے مہنگائی کی گرفت میں ہے، موسم سرما میں لکڑی کی قیمت میں 100 روپے فی من کا اضافہ ہو چکا ہے۔

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے اکثر علاقوں میں گیس پریشر کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، ایسے میں شہریوں کو مجبورا سلنڈر یا لکڑیاں جلا کر گزارا کرنا پڑتا ہے لیکن ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں لکڑی کی قیمت جو گزشتہ سال 700 روپے من تھی ، حالیہ مہنگائی کے بعد اب اسکے ریٹ 800 روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس تو میسر نہیں ، لکڑیاں گیس کے متبادل کے طور پراستعمال کرتے ہیں لیکن اب یہ بھی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں۔

لکڑیاں فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کا اثر لکڑیوں کی قیمت پر بھی پڑا ہے، سوئی گیس کی عدم فراہمی کے باعث کوئٹہ کے شہری مجبورا لکڑیاں یا دیگر ذرائع استعمال کر کے گزارا کرتے ہیں لیکن ان اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ غریب عوام سے یہ سہولت بھی چھین لے گا۔


 

Advertisement