فیصل آباد: (دنیا نیوز) ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد میں ہزاروں ملز اور کارخانوں سے نکلنے والے زہر آلود پانی نے زیر زمین پانی کو مضر صحت بنا دیا جس کی وجہ سے لاکھوں شہری ہیپاٹائٹس کےمرض میں مبتلا ہیں۔
فیصل آباد میں ہیپاٹائٹس کا مرض انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے، محکمہ صحت کے مطابق ہر چوتھا شہری ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہے۔ گذشتہ پنجاب حکومت نے مرض کے پھیلاو کو روکنے اور مریضوں کے علاج کے لئے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام شروع کیا لیکن وہ بھی حکومتی عدم توجہی کی بھینٹ چڑھ گیا ۔ پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس کے رجسٹرڈ مریضوں کو 3 ماہ کی ادویات فراہم کی جاتی تھیں لیکن اب ادویات کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سول ہسپتال فیصل آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ہیپاٹائٹس پروگرام میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 300 سے زائد ہے جبکہ 150 کودوائیں فراہم کی گئی ہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ مہنگائی کے دور میں گزربسر کرنا ہی ناممکن ہے تو ہزاروں روپے کی دوائیں کیسے خریدیں۔