فیصل آباد: (دنیا نیوز) ڈالر کی قیمت میں ہونے والے اضافے اور خام مال کی درآمد نہ ہونے سے بیڈ شیٹ تیار کرنے والی صنعت بدحالی کا شکار ہے، انڈسٹری سے وابستہ مزدوروں کے بیروزگار ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
صنعتی شہر فیصل آباد کی بیڈشیٹ تیار کرنے والی صنعت لڑکھڑانے لگی، ڈالر اور کاٹن کی قیمت میں اضافے اور چین سے درآمد ہونے والے خام مال پر عائد پابندی نے بیڈشیٹ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے، انڈسٹری مالکان کہتے ہیں کہ رواں برس کاٹن کی پیداوار میں خطیر اضافہ ہوا، مگر حکومت نے قیمت کم کرنے کی بجائے مزید بڑھا دی جس سے انڈسٹری ہچکولے لینے لگی ہے۔
خام مال کی درآمد رکنے سے انڈسٹری کی بندش کے خوف سے مزدور طبقہ بھی پریشانی کا شکار ہے، مزدور کہتے ہیں کہ انڈسٹری چلے گی تو ان کے گھروں کا چولہا جلے گا۔
انڈسٹری مالکان کہتے ہیں کہ اگر حکومت نے بیڈ شیٹ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو درپیش مسائل سے باہر نکالنے کیلئے فوری اقدامات نہ کئے تو یہ انڈسٹری بھی ماضی کا قصہ بن جائے گی۔