فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے سبب ایک شخص جاں بحق، خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔
فیصل آباد میں تھانہ صدر کے علاقے چک نمبر 228رب کے قریب واقع آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں مزدور کام کاج میں مصروف تھے کہ اسی دوران چنگاری بھڑکنے کی وجہ سے فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آتش بازی کے سامان سے زور دار دھماکے شروع ہو گئے۔
آگ میں جھلسنے کی وجہ سے شبیر نامی شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد بری طرح سے جھلس گئے جنہیں تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر قانونی کاروائی شروع کردی۔