فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بھکاریوں نے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے، پنجاب حکومت کی ہدایات پر محکمہ سوشل ویلفئیر و بیت المال کا بھکاریوں کے خلاف آپریشن صرف دعووں کی حد تک محدود ہے۔
پنجاب حکومت نے محکمہ سوشل ویلفئیر کو چند ماہ قبل ہدایات کیں کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آپریشن کریں لیکن فیصل آباد کی معروف شاہراہیں، گھنٹہ گھر چوک، سرگودھا روڈ، کینال روڈ، گھمٹی سمیت مختلف علاقے گداگروں کی اماج گاہ بن چکے ہیں، بھیک مانگنے کے دھندے میں بڑے بزرگ، بچے اور خواتین سمیت تمام عمر کے افراد بغیر محنت آسان کمائی کا ذریعہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔
کئی گداگر مختلف روپ دھار کر ایسے ہمدرریاں سمیٹتے ہیں کہ بھیک دئیے بغیر راہ گیروں کا گزرنا مشکل ہو جاتا ہے، شہری کہتے ہیں کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر اقدامات ہونے چاہئیں۔
بھکاریوں کی کثیر تعداد کے باوجود محکمہ سوشل ویلفئیر کا دعویٰ ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہیں۔ بھکاریوں کے خلاف جرمانہ اور سزاوں کی موثر قانون سازی نہ ہونا ہی آئے روز اس پیشہ سے وابستہ لوگوں کی تعداد کو بڑھانے کا سبب بن رہا ہے۔