ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگی آگ پر 8گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

Published On 21 November,2021 06:42 pm

فیصل آباد:(دنیا نیوز)عبداللہ پور میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگی آگ پر 8گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ہے جبکہ ریسکیو کی جانب سے کولنگ کا عمل جاری ہے۔

قبل ازیں فیصل آباد کے علاقے عبداللہ پور میں فیکٹری میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر خاکستر ہوگیا ،چھتیں زمین بوس ہوگئیں اور شعلوں نے قریبی گھروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا ،مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیا۔

بتایا گیا ہے کہ فیکٹری میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، ریسکیو ٹیموں کو گلیاں تنگ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ اور بڑھتے درجہ حرارت کے باعث قریبی فیکڑی میں موجود بوائلر پھٹنے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے کی مسلسل کوششوں میں مصرو ف ہیں تاہم تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ پھیلتی آگ نےپارکنگ میں کھڑی تین کاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وہ جل کر تباہ ہو گئیں۔ آگ قریبی گھروں تک پہنچ گئی جس کے سبب گھروں کو خالی کرانے کے اعلانات کروائے جا رہےہیں۔ حکام نے شہر بھر کی فائر بریگیڈ گاڑیاں طلب کررکھیں ہیں۔

دوسری جانب فیصل آباد میں خوفناک آتشزدگی کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کردی اور ساتھ ہی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور متعلقہ ادارے آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے ہرممکن اقدام کریں، انتظامی افسران موقع پر موجود رہیں اور امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں۔
 

Advertisement