فیصل آباد: چوک گھنٹہ گھر پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے انتظامی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے

Published On 29 October,2021 12:51 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے مرکز چوک گھنٹہ گھر سے محلقہ آٹھوں بازاروں کی سکیورٹی کیلئے نصب کئے گئے لاکھوں روپے مالیت کے سی سی ٹی وی کیمرے انتظامی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے۔

پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں میں ہونے والے اربوں روپے کے کاروبار اور شہریوں کے تحفظ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے۔ جو انسٹال کئے جانے کے کچھ عرصہ بعد ہی غیر فعال ہوگئے۔

انتظامی غفلت کے باعث کیمرے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے تو گھنٹہ گھر کی بالائی منزل پر بنائے گئے کیمروں کے کنٹرول روم کی قیمتی مشینری بھی غائب کر دی گئی۔

شہر کے مصروف ترین کاروباری مرکز میں ناقص سیکیورٹی سسٹم کے باعث تاجر بھی حکام سے نالاں ہیں، البتہ معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کا کہنا ہے کہ جلد کیمروں کو فعال کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

پولیس اور ضلعی انظامیہ کی جانب سے بہتر سیکیورٹی فراہم نا کئے جانے کی وجہ سے تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں تو ساتھ ہی ڈکیتی چوری جیسی وارداتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔