فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکام کی غفلت کی وجہ سے تین سال گزرنے کے بعد بھی جنرل اسپتال سمن آباد کے آپریشن تھیٹر سمیت دیگر اہم شعبے فعال نہ ہوسکے، جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مسائل کا سامنا ہے۔
200 بیڈز پر مشتمل اسپتال کی نئی بلڈنگ کے آپریشن تھیٹر سمیت دیگر اہم شعبوں کو فعال کرنے اور بجلی کی سپلائی دینے کیلئے ہیوی ٹرانسفارمر تو لاکر رکھ دیا گیا لیکن ٹرانسفارمر کو اسپتال کے بجلی کے نظام کے ساتھ منسلک کرنا شاید انتظامیہ نے ضروری نہ سمجھا، جس کے باعث تین سال گزرنے کے بعد بھی تاحال اسپتال کا مین آپریشن تھیٹر غیر فعال اور متعدد شعبے مسائل کا شکار ہیں۔
معاملے پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا کہنا ہے کہ اسپتال کے آپریشن تھیٹر سمیت دیگر اہم شعبوں کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکام کی غفلت کی وجہ سے اسپتال فعال ہونے سے قبل ہی بدحالی کا شکار بن چکا ہے، البتہ حکام کی معمولی توجہ سے مکمل طور پر اسپتال فعال ہونے سے شہریوں کو طبی سہولیات کی بہتر انداز میں فراہمی یقینی بن سکتی ہے۔