فیصل آباد: (دنیا نیوز) انتہائی مہنگی بجلی اور یارن کی عدم دستیابی کے باعث فیصل آباد میں پاورلوم انڈسٹری کو بڑے بحران کا سامنا ہے، پاورلوم مالکان نے ہفتہ میں دو روز لومیں بند کرنا شروع کر دی ہیں جس سے لاکھوں لومز سے وابستہ مزدور بے روزگار ہورہے ہیں۔
یوں لگتا ہے جیسے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی کو ریورس گئیر لگ گیا، لوکل سیکٹر کے لئے 24 روپے یونٹ بجلی کی قیمت اور یارن کی قلت کے باعث قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے پاورلومز مالکان کو مالی بحران کاسامنا ہے۔ ڈالر کی اونچی اڑان سے خام مال انتہائی مہنگا ہوچکا ہے۔ پاور لومز مالکان نے موجودہ حالات میں دو روز فیکٹریوں کو بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی کے باعث لاکھوں پاورلومز یونٹوں کے مزدور انتہائی پریشان ہیں جن کا کہنا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی میں روزگار کے بغیر کیسے گزارا کریں گے۔
ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد کو پاکستان کا مانچسٹر مانا جاتا ہے، حکومت نے فوری ہنگامی اقدامات نہ اٹھائے تو کمزور ملکی معیشت کو مزید بدحالی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔