فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں انٹر ڈسٹرکٹ باسکٹ بال مقابلے کے فائنل میں میزبان ٹیم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیم کو چاروں شانے چت کر کے فتح اپنے نام کر لی۔
فیصل آباد میں انٹر ڈسٹرکٹ باسکٹ بال مقابلے ہوئے تو فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کی انٹر باسکٹ بال ٹیموں نے حصہ لیا، ہر کھلاڑی سبقت لے جانے کے لئے بال کے پیچھے نہ صرف خوب بھاگا بلکہ اچھل اچھل کر گیند کو نیٹ میں ڈال کر پوائنٹ بھی سکور کئے، کھلاڑی کہتے ہیں مقابلوں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
فائنل میچ میں فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کھلاڑیوں نے جیت کے لیے خوب زور لگایا، فیصل آباد کی ٹیم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیم کو18 پوائنٹس کے مقابلے میں 65 پوائنٹس سے شکست دی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر کہتے ہیں مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔
باسکٹ بال کوچز کے مطابق نوجوانوں کو بہتر سہولیات میسر ہوں تو باسکٹ بال جیسے کھیل میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔