فیصل آباد لینڈ ریکارڈ سینٹر کا ڈیٹا 12 سال بعد بھی آن لائن نہ ہوسکا

Published On 01 November,2021 11:18 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد لینڈ ریکارڈ سینٹر کا ڈیٹا 12 سال بعد بھی آن لائن نہ ہوسکا۔ جبکہ درجنوں ملازمین کی کمی کی وجہ سے دفتر کا رُخ کرنے والے سائلین بھی پریشانی کا شکار ہیں۔

فیصل آباد کا لینڈ ریکارڈ سینٹر انتظامی عدم توجہی کے باعث بدحالی کا شکار بن گیا۔ سینٹر کے قیام کے 12 سال بعد بھی تحصیل سٹی کا تمام ڈیٹا آن لائن نہ ہوسکا۔

26 میں سے صرف 13 موضع جات کا ریکارڈ آن لائن ہوا جبکہ دیگر موضع جات کا ریکارڈ آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے فرد اور رجسٹری سمیت دیگر دستاویزات کے حصول کیلئے سینٹر کا رُخ کرنے والے سائلین خواری کا شکار بننے لگے ہیں۔

معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے کہا کہ ملازمین کی کمی کی وجہ سے کچھ مشکلات کا سامنا ہے البتہ جلد مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔ سائلین کا کہنا تھا کہ ریکارڈ آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے دستاویزات کے حصول کیلئے انہیں کئی کئی دن تک دفاتر کے چکر کاٹنا پڑتے ہیں۔ حکام کی معمولی توجہ اور دلچسپی سے اس حوالے سے شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔