ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے دو مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا دوبارہ انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے محکمہ صحت نے 7 لاکھ 78 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
ملتان کے علاقے علی ٹاون اور سورج میانی کے سیوریج واٹر میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے محکمہ صحت نے دوبارہ تین روزہ پولیو مہم شروع کر دی ہے جس میں 7 لاکھ 78 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے تین ہزار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا موقف ہے کہ پولیو مہم کی کامیابی ترجیح ہے اور اسی لیے انکاری والدین کو قائل کرنے کیلئے ٹیموں کے ہمراہ ایک ہزار پولیس ملازمین بھی ڈیوٹی دے رہے ہیں۔
پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلیے ریلوے سٹیشن ، جنرل بس سٹینڈ، تعلیمی اداروں اور مختلف پارکوں میں محکمہ صحت کا عملہ موجود ہے جہاں پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے والدین کی اکثریت بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف ہے۔
تین روزہ پولیو مہم بدھ تک جاری رہیگی جس میں انکاری والدین کیخلاف مقدمات کے اندارج کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی ہے۔