وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کردیا

Published On 13 December,2021 09:49 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سوبھراج ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کردیا، مہم 13 سے 19 دسمبر تک جاری رہے گی۔

سوبھراج ہسپتال میں افتتاح کے موقع پر وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو، سیکریٹری صحت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبے کے 30 اضلاع میں 90 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کےدوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی دیئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں جولائی 2020 سےکوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ دو ہزار اکیس میں پاکستان میں ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا جس کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں، میڈیا بھی آگاہی فراہم کرے۔ سندھ بھر میں 13 سے 19 دسمبر تک پولیو مہم جاری رہے گی۔
 

Advertisement