بلوچستان میں شدید سردی سے بچے اور بوڑھے گلے اور سینے کے امراض میں مبتلا

Published On 27 January,2022 03:40 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی موسمی بیماریوں نے شہریوں کو آ گھیرا۔ بچے، بڑے، بوڑھے نزلہ ، زکام ، کھانسی ، گلے اور سینے کے امراض میں مبتلا ہونے لگے۔

وادی کوئٹہ میں ان دنوں سردی کا راج ہے، بارشوں اور برفباری کے بعد موسمی بیماریاں ہر طرف پھیل گئیں۔ موسمی تبدیلی کے ساتھ ہی نزلہ ، زکام کھانسی ، گلے اور سینے کے امراض میں مبتلا مریضوں کی بڑی تعداد ہسپتالوں کا رخ کر رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سردی تو دوسری جانب گیس پریشر میں کمی کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں۔

ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث صرف ایمرجنسی میں آئے مریض کو ہی علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکتڑوں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر بچے، بوڑھے اور خواتین ان موسمی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ شدید سردی کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جسم اور گھروں کو گرم رکھیں۔ باہر نکلتے ہوئے گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔ ٹھنڈے مشروبات اور ایسی خواراک کا استعمال نہ کریں جس سے گلا خراب ہو تاکہ ان موسمی بیماریوں سے بچا جاسکے۔