آگاہی مہم، پاکستان اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کا پولیو ورکرز کو خراج تحسین

Published On 22 March,2022 10:22 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں بھی سرگرم نظر آئی، لاہور ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز دونوں ٹیموں نے آگاہی مہم میں بھرپور حصہ لیا اور کھلاڑیوں نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

قذافی سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لئے پولیو ورکرز کو مفت ٹکٹس دیئے گئے۔

پولیو مہم کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے اس موقع پر کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو پولیو ویکسین کے بارے میں معلومات کا موقع فراہم ہوا، کرکٹرز بحیثیت قومی ہیرو بچوں اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں، پولیو کے خاتمے کی قومی مہم میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھرپور کردار ادا کیا، پی سی بی کے ساتھ مل کر ہم ویکسینیشن کی اہمیت کو والدین کے لیے مزید اجاگر کریں گے۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، مشترکہ کوششوں سے ہم پولیو کا مکمل خاتمہ اور ویکسین کی افادیت میں اضافہ کرسکتے ہیں، اپنے بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 14 ماہ سے پولیو کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
 

Advertisement