لاہور: (لیاقت انصاری سے) وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسٹی ٹیوٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کادورہ کیا اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج کی سہولت کی فراہمی پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد اور محکمہ صحت کے حکام کی تعریف کی۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے
چودھری پرویز الٰہی نے بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ میں علاج کی جدید ترین سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کے افتتاح پر دلی خوشی ہوئی ہے۔بون میرو ٹرانسپلانٹ کے آپریشن پر 25 لاکھ روپے تک خرچ ہوتے ہیں۔ ہماری حکومت نادار مریضوں کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج کی سہولت مفت فراہم کرے گی۔بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ ابتدائی طورپر17بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ پی کے ایل آئی میں کڈنی کے 375اورلیور کے 300ٹرانسپلانٹ آپریشن کئے جا چکے ہیں۔لیور ٹرانسپلانٹ کے تقریباً 250 مریضوں کا مفت علاج کیا گیاجبکہ 70ہزار سے زائد مریض یہاں ڈائیلسز کی سہولت بھی حاصل کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاج کی سہولت حاصل کرنے و الے نادار مریضوں کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کررہی ہے۔ عوام کے لئے بہترین علاج کی مفت سہولت ہمیشہ سے میرا مطمع نظر رہاہے۔میں نے اپنی وزارت اعلیٰ کے پہلے دور میں نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب کے دور دراز علاقو ں کے ہسپتالو ں کی حالت زار کو بہتر بنانے پر توجہ دی۔ ہم نے وزیرآباد میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیا لیکن سیاسی مخاصمت کی بنا پر کئی سال یہ ڈاکٹروں اور طبی مشینری کی قلت کا شکار رہا۔اب ہم نے نہ صرف دوبارہ فعال کیاہے بلکہ بیڈز کی تعداد300 کر رہے ہیں۔ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کو تمام ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ایمرجنسی وارڈ میں ڈیوٹی کرنے و الے ڈاکٹرز کی تنخواہ بڑھائی جا رہی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔