لاہور:(ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے تجرباتی طور پر ایک ویکسین بنائی ہے جو فلو یا انفلوئنزا اے اور بی کی تمام ذیلی اقسام کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جانوروں پر حوصلہ افزاء تجربات کے بعد اب عالمگیر فلو ویکسین بنانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
ایم آر این اے ویکسین فلو کی تمام 20 اقسام کے لئے یکساں مفید ہے، اگرچہ بالخصوص امریکا میں دی جانے والی سالانہ ویکسین فلو کو بھی مسلسل تبدیلی سے گزارا جاتا ہے تاکہ وہ دیگر فلو سے بھی بچاسکے تاہم کئی مرتبہ وہ دیگراقسام کے فلو روکنے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔
اب جامعہ پنسلوانیا کے سائنسداں ڈاکٹراسکاٹ ہینسلے اور ان کے ساتھیوں نے ایم آر این اے سالمات پر ویکسین بنائی ہے جو عین کووڈ ویکسین کی طرز پر تیار کی گئی ہے، ایم آراین اے ویکسین میں وہ جینیاتی کوڈ ہوتے ہیں جو پروٹین بناتے ہیں عین اسی طرح جیسے ڈی این اے پروٹین کی تشکیل کرتے ہیں، اس ویکسین کی ایم آر این اے میں فلو کی تمام 20 اقسام میں موجود پروٹین کے کوڈ والے سالمات موجود ہیں، ان میں انفلوئنزا اے اور بی بھی شامل ہیں جو ہر سال فلو کی وجہ بنتے ہیں۔
جب یہ ویکسین چوہوں کو لگائی گئی تو بہت جلد ان میں 20 اقسام کے فلو کے خلاف اینٹی باڈی بننے لگیں اور کوئی چار ماہ تک وہ جسم میں موجود اور کارآمد رہیں، اس کے مقابلے میں جن چوہوں کو بیمار کر کے جعلی ادویہ دی گئیں وہ جلد ہی مرگئے۔
دوسرے گروہ کے چوہوں کو صرف ایک ہی فلو کی ویکسین دی گئی اور جب انہیں مختلف اقسام کے فلو سے بیمار کیا گیا تو وہ اسی عرصے میں مرگئے لیکن جنہیں مختلف فلو سےبچانے والی ویکسین دی گئی تو وہ انفلوئنزا کی تمام اقسام سے محفوظ رہے اور یوں جانوروں پر نئی ایم آر این اے ویکسین کی افادیت سامنے آئی ہے۔
اس ویکسین کا پورا نام 20 ایچ اے ایم آراین اے ویکسین ہے جس کے نتائج بہت ہی امید افزا رہے ہیں تاہم انسانوں پر اس کی آزمائش ابھی دور ہے۔