لاہور: (دنیا نیوز) کڑاکے کی سردی، دل کے معاملات کو بھی زیر و زبر کرنے لگی، ہسپتالوں میں آنے والے دل کے مریضوں کی تعداد میں 10 فیصد تک اضافہ ہوگیا، طبی ماہرین نے سرد موسم کے دوران دل کے مریضوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی تلقین کر دی۔
شدید سردی شروع ہونے کے بعد سے ہسپتالوں میں جہاں کھانسی، نزلہ، زکام اور دیگر امراض کے مریض رپورٹ ہو رہے ہیں وہیں دل کے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر محمد تحسین کا کہنا ہے کہ شدید سرد موسم کے دوران شریانیں کسی حد تک سکڑ جاتی ہیں جس کے نتیجے میں خون کی گردش متاثر ہوتی ہے، شریانوں میں موجود چکنائی بھی خون کی گردش میں کمی کا باعث بنتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اِن حالات میں خون کی مناسب مقدار نہ ملنے کی وجہ سے دل کو معمول سے زیادہ طاقت کے ساتھ کام کرنا پڑتا ہے جس کے باعث طبی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں، خصوصا اُن کے لئے جو پہلے سے دل کے مریض ہوں۔
ہارٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر شکیل انجم نے کہا ہے کہ بے احتیاطی اور غیرفطری زندگی امراض قلب کے مریضوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔