بیجنگ: (ویب ڈیسک ) میٹھے مشروبات کے شوقین افراد کیلئے بُری خبر آگئی ، ماہرین نے میٹھے مشروبات اور گنج پن کے درمیان مضبوط تعلق دریافت کرلیا ۔
گنجا پن ایک ایسی کیفیت ہوتی ہے جس میں سر کے مخصوص حصوں سے بال غائب ہوجاتے ہیں ، سر کی اطراف، درمیانی حصے یا اگلے رخ سے بال گرنے کا عمل ’میل پیٹرن ہیئرلاس‘ (ایم پی ایچ ایل) کہلاتا ہے۔
ماہرین نے مغربی طرز کی غذاؤں اور اس کیفیت کے درمیان غور کیا تو معلوم ہوا کہ جوس، سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس اور دیگر شیریں مشروبات سے اس طرح کے گنج پن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس طرح کی کیفیت کے دیگر عوامل بھی ہوسکتے ہیں جن میں ڈپریشن، بے خوابی، غذا اور جینیات بھی شامل ہیں تاہم میٹھے مشروبات بھی گنج پن کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔
چین میں جنوری سے اپریل 2022 میں اس حوالے سے ایک اہم سروے کیا گیا، جس میں 1951 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی عمریں 18 سے 45 سال تھیں۔ تمام افراد مجموعی طور پر 31 صوبوں کے رہائشی تھے، اس میں شرکا کو ازخود ایک آن لائن فارم بھرنے کو کہا گیا جن میں میٹھے مشروبات کے استعمال اور گنج پن کے متعلق پوچھا گیا تھا۔
ماہرین نے اس میں شکر، گلوکوز اور اس کے پولیول پر اثرات کا جائزہ لیا تھا، میٹھے مشروبات سے پولیول پاتھ وے یا کیمیائی راستہ متاثر ہوتا ہے، اس سے قبل میٹھے مشروبات اور چوہوں کے بال میں کمی کے حوالے سے تحقیقات سامنے آتی رہی ہیں۔