لاہور: (دنیا نیوز) ایکسپو سینٹر میں 2 روز سے جاری پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش اختتام پذیر ہو گئی۔
دوسرے دن وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے نمائش کا دورہ کیا، ایکسپو سینٹر پہنچنے پر نمائش کے منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ منیجمنٹ کامران عباسی نے وزیر صحت کا استقبال کیا، نمائش پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے تعاون سے پرائم ایونٹ کے تحت منعقد کی گئی۔
اس موقع پر آرگنائزر کامران عباسی نے انہیں دونوں ہالز میں قائم سٹالز کا دورہ کرایا، اس دوران وزیر صحت نے نمائش کنندگان کے مسائل بھی سنے، وہ کانفرنس میں بھی شریک ہوئے اور محغپ خیالات کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع، 100 کمپنیاں شریک
دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ملکی معاشی بحران سے فارماسیوٹیکل انڈسٹری بھی شدید متاثر ہے اور باہر سے را میٹریل و دیگر آلات نہیں آ پا رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بینک آف پنجاب کو ہدایت دے دی گئی ہے، اب وہ ان سب کے ایل سی کھولے گا جس کا کسی اور بھی بینک کے ساتھ مسئلہ ہو رہا ہے، وزیر صحت پنجاب نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزر کامران عباسی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر کامران عباسی نے بتایا کہ نمائش میں ادویہ سازی سے متعلق ایک سو سے زائد کمپنیوں نے اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی، اس دوران متعدد کمپنیوں کے بھاری مالیت کے معاہدے بھی طے پائے۔